کرپٹو کرنسی کیا ہے؟
مضمون نگار: محمد اطہر قاسمی
کرپٹو کرنسی ایک برقی وسیلۂ مبادلہ ہے جس میں کوئن کی ملکیت کو ایک برقی لیجر میں مضبوط کرپٹوگرافی کا استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹر ڈیٹا بیس میں محفوظ کیا جاتا ہے تاکہ تمام اندراجوں کو محفوظ کیا جاسکے اور اضافی تطبیق شدہ لیجر اور کوئن کے تاریخچہ کو کنٹرول کیا جاسکے اور کوئن کی اس کے اصل مالک کی جانب منتقلی کی تصدیق کی جاسکے۔
(ماخوذ از: ویکیپیڈیا، آزاد دائرۃ المعارف)
برقی وسیلۂ مبادلہ کیا ہے؟
تجارت میں وسیلۂ مبادلہ کو ایک درمیانی شے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے؛ تاکہ خالص مقايضہ کی شکل سے بچا جا سکے۔
مقايضہ کیا ہے؟
مقايضہ: اشیاء یا خدمات کے تبادلہ کا ایک طریقہ ہے جس میں اشیاء یا خدمات کا براہ راست تبادلہ کیا جاتا ہے، بغیر کسی وسیلۂ تبادلہ کے، یعنی پیسہ وغیرہ کے استعمال کے بغیر۔ (روپیہ پیسہ ایک وسیلۂ تبادلہ ہے۔)
مقايضہ میں دو افراد ایسی دو اشیاء کا تبادلہ کرتے ہیں جن کی ان کو طلب ہو۔ مثال کے طور پر ایک شخص کو گیہوں کی ضرورت ہے؛ لیکن اس کے پاس چاول ہے۔ ایک دوسرا شخص ہے جس کو چاول کی ضرورت ہے لیکن اس کے پاس گیہوں ہے چاول نہیں ہے، تو یہ دونوں شخص اپنے مطلوبہ سامان کو اپنے پاس موجود سامان کے بدلے میں خرید لیں گے۔
وسیلۂ مبادلہ کے استعمال سے شی کی قیمت ایک تیسری شے کی مقدار میں مقرر کی جاتی ہے۔ اور اسی کی مقدار کا اعتبار کرتے ہوئے اشیاء کی خرید و فروخت ہوتی ہے۔ اسے زرِ مبادلہ بھی کہتے ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان میں اس کی شکل روپیہ ہے۔ ان دونوں ممالک میں اسے وسیلۂ مبادلہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، اور حکومت اس کی پشت پناہی کرتی ہے۔ ہر ملک کا اپنا وسیلۂ مبادلہ ہوتا ہے اور وہی ملک اس کی پشت پناہی کرتا ہے اور اسے کنٹرول کرتا ہے۔
آپ درج بالا تحریر سے سمجھ گئے ہوں گے کہ وسیلۂ مبادلہ کیا چیز ہے؟ وسیلۂ مبادلہ کسے کہتے ہیں؟
اوپر جس وسیلۂ مبادلہ کا ذکر ہوا جسے حکومت کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے، وہ ایک حسی اور جسمانی وسیلۂ مبادلہ ہے جسے ہم چھو سکتے ہیں، اپنے پاس محفوظ رکھ سکتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔
اس کے برعکس ایک دوسرا وسیلۂ مبادلہ بھی ہے جو حسی ہونے کے بجائے برقی (Electric) ہے۔ جسے ہم چھو نہیں سکتے ہیں۔ اب جبکہ وہ برقی ہے تو کسی برقی آلہ (Electric Device) میں ہی محفوظ رہ سکتا ہے، اور انہی آلوں کی مدد سے ہم اس میں تصرف کرسکتے ہیں۔
مثال کے طور پر ہمMS Word فائل اور اِنپیج فائل کو صرف کمپیوٹر یا اسی طرح کے برقی آلوں کی مدد سے ہی دیکھ سکتے ہیں اور تصرف کرسکتے ہیں اور انہی آلوں میں اسے محفوظ کر سکتے ہیں، ان آلوں کے باہر ان فائلوں کا کوئی وجود نہیں ہوتا اس لیے کہ یہ سب بھی برقی فائلیں ہیں۔
یہاں تک آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ برقی وسیلۂ مبادلہ کیا چیز ہے اور حسی وسیلۂ مبادلہ کیا چیز ہے۔ یہ بھی جان لیجیے کہ برقی وسیلۂ مبادلہ کو محفوظ رکھنے اور اس کا حساب کتاب رکھنے کے لیے ایک برقی آلہ کی ضرورت پڑتی ہے جسے برقی لیجر کہتے ہیں۔
جیسے حسی وسیلۂ مبادلہ کا حساب و کتاب رکھنے کے لیے حسی لیجر یعنی رجسٹر، ڈائری وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں۔ اگرچہ ٹیکنالوجی کی ترقی کی بناپر ہم اسے برقی فائل کی شکل میں کمپیوٹر میں رکھ سکتے ہیں لیکن برقی وسیلۂ مبادلہ کا معاملہ ایسا نہیں ہے، اسے صرف برقی لیجر ہی میں رکھا جاسکتا ہے۔
برقی لیجر کیا ہے؟ (Electric Ledger)
بہی کھاتہ یا لیجر (ledger) اس بنیادی بہی کھاتے کو کہتے ہیں جس میں پیسوں کے لین دین کا حساب رکھا جاتا ہے۔ آج کل یہ کمپیوٹر فائل کی شکل میں بھی ہوتا ہے۔ بلکہ بہت سارے موبائل ایپ ایسے آگئے ہیں جو بہی کھاتہ ہی کا کام کرتے ہیں۔ بہی کھاتہ میں جمع اور خرچ کے الگ الگ کالم ہوتے ہیں۔ ہر لین دین کو تاریخ کے ساتھ لکھا جاتا ہے اور اس کا مکمل حساب رکھا جاتا ہے۔
ایسے موبائل ایپ یا کمپیوٹر فائل جو بہی کھاتہ کا کام کرتے ہیں انہی کو برقی لیجر کہا جاتا ہے۔
اب برقی لیجر کی تعریف اس طرح ہوگی کہ وہ موبائل ایپ یا کمپیوٹر فائل یا پروگرام جس میں پیسوں کے لین دین کا حساب رکھا جاتا ہے؛ آمد، خرچ، باقی اور تاریخ وغیرہ کے الگ الگ کالم ہوتے ہیں، اسے برقی لیجر کہا جاتا ہے۔ برقی لیجر کے ذریعے جو بھی لین دین کیا جاتا ہے وہ کسی ڈیٹا اسٹوریج ڈیوائس میں محفوظ رہتا ہے جیسے ہارڈ ڈسک، ایس ایس ڈی، یا کلاؤڈ اسٹوریج وغیرہ۔ (Hard Disk, SSD, Cloud Storage)
اسے بھی پڑھیں: کرپٹو گرافی کیا ہے؟