یوٹیوب میں کامیابی کیسے حاصل کریں | How to grow in YouTube

یوٹیوب میں کامیابی کیسے حاصل کریں؟

از قلم: محمد اطہر قاسمی

اس مضمون میں آپ پڑھیں گے ’’یوٹیوب میں کامیابی کیسے حاصل کریں؟‘‘ اس مضمون کو لکھنے کی وجہ یہ ہے کہ آج کل بہت سارے طلباء یوٹیوب چینل بناکر اس پر ویڈیوز اپلوڈ کرتے ہیں۔ اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اچھی خاصی محنت کرتے ہیں۔ کچھ تو کامیاب ہوجاتے ہیں اور کچھ کو اس کی محنت کا پھل خاطر خوہ نہیں ملتا۔

یوٹیوب میں کامیابی کیسے حاصل کریں

یوٹیوب میں کامیابی کا مطلب ہے ویڈیوز میں views اچھا ملنا، سبسکرائبر کا بڑھنا، پھر جب ایڈسنس سے منظوری مل جائے تو اچھی کمائی کرنا۔ یوٹیوب کی دنیا میں کامیابی کا مطلب یہی ہے۔

How to Grow a YouTube Channel?

یوٹیوب پر چینل بنانا تو بہت آسان ہے؛ لیکن چلانا اتنا ہی مشکل ہے۔ اور اونچائیوں تک لیکر جانا تو اور بھی مشکل ہے لیکن ناممکن بالکل نہیں ہے۔

میں اس مضمون میں کچھ اہم نکتے (Points) بتاؤں گا جن پر عمل کرکے آپ بہت ہی کم وقت میں یوٹیوب میں ترقی پاسکتے ہیں اور اپنے چینل کو بلندیوں تک پہنچا سکتے ہیں۔

(۱) صحیح موضوع کا انتخاب

کوئی بھی ویڈیو بنانے سے پہلے اس کے موضوع کا انتخاب بہت ہی ضروری ہے۔ ویڈیو کا موضوع ہمیشہ سوچ سمجھ کر چنیں۔ ایسے موضوع کا انتخاب کریں جس کے بارے میں لوگ جاننا چاہتے ہوں۔ بطور خاص ایسے موضوع پر جو ٹرینڈ کر رہے ہوں اور کافی مشہور ہوں۔ اگر آپ ٹرینڈنگ topic پر ویڈیو بنائیں گے تو کافی کم وقت میں بہت سارے ویوز اور سبسکرائبر حاصل کرسکتے ہیں۔ ممکن ہے کہ آپ کا ویڈیو وائرل ہوجائے۔ لیکن ہمیشہ اس طرح ٹرینڈنگ topic نہیں ملتے۔ اس لیے کہ صرف ٹرینڈنگ دیکھنا کافی نہیں ہے۔ بلکہ آپ کے چینل کے مناسب بھی ہونا چاہیے۔

اس لیے بہتر ہے کہ آپ ایسا موضوع چنیں جن کو لوگ دیکھنا چاہتے ہوں،جن کے بارے میں لوگ جاننا چاہتے ہوں اور یوٹیوب پر تلاش کرتے ہوں۔

ایسے موضوع پر کبھی ویڈیوز نہ بنائیں جن کی منفعت کچھ ہی وقت کے بعد ختم ہوجائے۔ جیسے نیوز وغیرہ، اگر آپ کا چینل نیوز کا ہے تو آپ بنا سکتے ہیں بلکہ بنانا ہی ہوگا۔ اگر اس کے علاوہ کوئی چینل ہو تو نیوز ویڈیوز نہ بنائیں؛ اس لیے کہ نیوز تھوڑی ہی دیر بعد پرانی ہوجاتی ہے اور بعد میں لوگ اسے دیکھنا پسند نہیں کرتے ہیں، جس کی وجہ سے بعد میں ویوز بھی نہیں آئیں گے۔ آپ ایسے موضوع کا انتخاب کریں جو لمبے وقت تک کے لیے مفید ہو اور لوگ دیکھتے رہیں۔

(۲) ویڈیو بنانے سے پہلے ریسرچ کرنا

بہت سارے لوگ جیسے تیسے ویڈیو بنادیتے ہیں اور اسے اپلوڈ کردیتے ہیں۔ کبھی کبھ اس جلد بازی میں کوئی غلط معلومات دے دیتے ہیں۔ ویڈیو کا مسئلہ اس طرح ہے کہ اپلوڈ کرنے کے بعد edit نہیں کرسکتے ہیں، اس کو delete کرنا پڑے گا۔ اگر اس میں کافی ویوز آگئے ہوں تو پھر ڈیلیٹ کرنے کا بھی دل نہیں کرتا ہے۔

اس لیے ایسی صورت حال سے بچنے کے لیے، جس موضوع پر آپ ویڈیو بنانا چاہتے ہیں اس پر مکمل تحقیق کرلیں۔

(۳) اسکرپٹ لکھنا

ویڈیو بنانے سے پہلے اسکرپٹ ضرور لکھ لیں۔ مثال کے طور پر آپ اپنے ویڈیو میں کسی شخصیت کا تعارف کرا رہے ہیں تو پہلے یہ طے کرلیں کہ آپ اس شخصیت کے بارے میں ویڈیو دیکھنے والوں کو کیا کیا بتائیں گے؟ پہلے اس کو ایک کاپی میں لکھ لیں، جس ترتیب سے بتائیں گے اسی ترتیب سے لکھیں۔ کیا کیا الفاظ استعمال کریں گے اس کا بھی خیال رکھیں۔ اگر الفاظ پر قابو نہیں ہے تو الفاظ بھی لکھ لیں۔ جس طرح طالب علمی کے ابتدائی دور میں تقریر کتاب سے یاد کرکے کرتے تھے، اسی طرح ابھی لکھ لیں اور اچھے سے ذہن نشیں کرلیں۔

لکھنے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ سے کوئی اہم بات چھوٹے گی نہیں، اور کوئی غیر ضروری بات ویڈیو میں آئے گی نہیں۔

اگر آپ کو الفاظ پر قابو ہے پھر بھی اہم پوائنٹ کو تو ضرور لکھ لیں، اور ویڈیو بنانے سے پہلے اس طرح ان کو ایک دو بار دہرا لیں گویا آپ ویڈیو بنارہے ہوں۔

(۴) آواز کی کوالیٹی پر دھیان دیں

ایک ویڈیو کی کامیابی میں آواز کی کوالیٹی کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔ اگر آپ نے ویڈیو کی شوٹنگ اچھی کی ہے، اور ایڈیٹنگ بھی اچھی کی ہے؛ لیکن آواز کی کوالیٹی ٹھیک نہیں ہے تو آپ کے ویڈیو کو لوگ پسند نہیں کریں گے۔

آواز ٹھیک ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آواز بلند ہو، ہر لفظ واضح اور صاف صاف ہو، بہت جلدی جلدی نہ بولیں کہ لوگ سمجھ نہ پائیں اور نہ پہت دھیرے بولیں کہ لوگ اکتاہٹ محسوس کریں۔ بلکہ درمیانہ انداز میں بولیں۔

جب ہم ویڈیو بناتے ہیں تو مائک بہت کچھ غیر ضروری آواز کو ریکارڈ کرلیتا ہے، بیک گراؤنڈ میں ایک شور سنائی دیتا ہے، اس کو ختم کردیں۔ اس کے لیے آئیڈیو کو ایڈٹ کرنا ہوگا، اور بیک گراؤنڈ کے شور کو ختم کرنا ہوگا، یعنی denoise کرنا ہوگا۔ اتنا ایڈت کرنے کا آپشن ویڈیو ایڈیٹر میں بھی ہوتا ہے۔ اس سے زیادہ ایڈٹ کرنا ہو تو پہلے آئیڈیو کو extract کرلیں پھر آئیڈیو میں جو غیر ضروری چیزیں ہوں انہیں کاٹ دیں۔ اور اگر اس سے زیادہ ایڈٹ کرنا ہو تو آپ آئیڈیو ایڈیٹر کا استعمال کریں۔

(۵) Over Editing نہ کریں

مطلب حد سے زیادہ اور غیر ضروری effect نہ ڈالیں، غیر ضروری ساؤنڈ effect نہ ڈالیں؛ بلکہ جتنی ضرورت ہو اتنا ہی effect ڈالیں۔ بعض مرتبہ لوگ اپنی آواز کے ساتھ کوئی بیک گراؤنڈ میوزک بھی لگاتے ہیں، جہاں ضرورت ہوں وہاں ایسا کرنا ٹھیک ہے؛ بلکہ بسا اوقات اگر ویڈیو کے موافق بیک گراؤنڈ میوزک ہو تو ویڈیو کو بہت ہی خوبصورت بنادیتی ہے۔

لیکن اس بات کا دھیان رہے کہ آپ کی آواز سے زیادہ تیز بیک گراؤنڈ کی میوزک نہ ہو، اس سے آپ کے ویڈیو کا فائدہ ہی ختم ہوجائے گا۔

ویڈیو کو اتنا ہی ایڈٹ کریں کہ ویڈیو خوبصورت لگے اور دیکھنے والے کا دھیان ویڈیو پر ہی رہے یعنی آپ جو کہہ رہے ہیں اسی پر رہے، اگر ان چیزوں پر کوئی effect خلل ڈال رہا ہو تو اسے اپنے ویڈیو سے ہٹا دیں۔

(۶) یوٹیوب ویڈیو SEO

ایڈیٹنگ کے بعد باری آتی ہے اپلوڈنگ کی۔ حالانکہ یوٹیوب میں ویڈیو اپلوڈ کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے؛ لیکن صرف اپلوڈ کرنا ہی کافی نہیں ہے؛ بلکہ ویڈیو کا صحیح طریقے سے SEO کرنا بھی ضروری ہے۔

SEO کا فل فارم ہے Search Engine Optimization، اس کا مطلب ہے ویڈیو کو اپلوڈ کرتے وقت ان باتوں کا خیال رکھنا جن کے ذریعے سرچ انجن آپ کے ویڈیو کے بارے میں اچھی طرح جان سکے، وہ یہ جان سکے کہ آپ کے ویڈیو میں کیا ہے؟ تاکہ اسے صحیح طریقے سے viewer کے سامنے پہنچا سکے۔

اس کو مزید وضاحت کے ساتھ اس طرح سمجھ سکتے ہیں کہ جب کوئی شخص یوٹیوب میں کوئی چیز تلاش کرتا ہے، تو یوٹیوب اس کے سامنے اس کی تلاش کے مطابق ویڈیو پیش کرتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ یوٹیوب کو کیسے پتہ چلتا ہے کہ جو وہ شخص تلاش کر رہا ہے وہ فلاں فلاں ویڈیوز میں ہے۔ اس کا جواب یہ ہے کہ جب ان ویڈیوز کو اپلوڈ کیا جارہا تھا تو ان کے اپلوڈ کرنے والے نے بتایا تھا کہ ان ویڈیوز میں کیا ہے، جس کی وجہ سے یوٹیوب آسانی سے کسی بھی مطلوبہ چیز کو ہمارے سامنے پیش کردیتا ہے۔

لہذا ویڈیو اپلوڈ کرتے وقت SEO کرنا ضروری ہے۔ ایڈوانس SEO نہ سہی لیکن یہ چار بنیادی کام ضرور کریں:

(الف) Thumbnail

اپنے ویڈیو کے لیے ایک اچھا سا اور پرکشش تھمبنیل بنائیں جسے دیکھ کر ہی کلک کرنے کا دل چاہے۔ لیکن یاد رہے کہ آپ ایسا تھمبنیل بنائیں جو ویڈیو سے متعلق ہو، لوگوں کو بیوقوف بنانے کے لیے یا زیادہ کلک حاصل کرنے کے غلط تھمبنیل نہ لگائیں۔ اس سے ویور کا بھروسہ ٹوٹ سکتا ہے اور وہ ان سبسکرائب کردیں گے۔

(ب) Title

تھمبنیل کی طرح ٹائٹل بھی پرکشش ہونا چاہیے۔ نہ بہت زیادہ لمبا اور نہ بہت مختصر اور نہ ہی پہیلی کی طرح۔ بلکہ صاف صاف لکھیں تاکہ پڑھنے والا جان جائے کہ ویڈیو میں کیا ہے۔ آپ اس کو سوالیہ انداز دے سکتے ہیں یا کسی بھی انداز میں لکھیں مگر غلط اور دھوکہ نہیں ہونا چاہیے۔

(ج) ڈسکرپشن

ٹائٹل کے ساتھ ہی ویڈیو کا ڈسکرپشن ضرور لکھیں۔ پہلے تو آپ ٹائٹل کو ہی کاپی کرکے ڈسکرپشن میں پیسٹ کردیں۔ ایسا بہت سارے بڑے یوٹیوبر کرتے ہیں۔ اس کے بعد اگلی سطر سے اپنے ویڈیو کے بارے میں لکھیں، اس کا تعارف کرائیں کہ آپ کے ویڈیو میں کیا ہے؟ لوگ آپ کے ویڈیو کو کیوں دیکھیں؟ ساتھ ہی اگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لنک ہوں تو وہ بھی جوڑیں۔

ڈسکرپشن لکھتے وقت دھیان دیں کہ آپ جو tag لگانے والے ہیں وہ ڈسکرپشن کے درمیان میں آجائے۔ یہ ایک بہتر عمل ہے۔

(د) Tags

Tags کا استعمال بہت ہی سوچ سمجھ کر کریں۔ جس موضوع پر آپ ویڈیو بنارہے ہیں، لوگ اس کو یوٹیوب اور گوگل میں کس طرح تلاش کرتے ہیں یہ دیکھ لیں۔ یہ جاننے کے لیے پہلے آپ خود ہی یوٹیوب اور گوگل میں تلاش کریں تو آپ کو Suggestion کے طور پر کچھ الفاظ دکھائی دیں گے انہیں کیورڈ کہتے ہیں۔ آپ اپنے ویڈیو سے متعلق زیادہ سے زیادہ دس کیورڈ منتخب کرلیں اور اسے ٹیگ کے طور پر استعمال کریں۔

ٹیگ زیادہ لمبا نہ ہو بلکہ زیادہ سے زیادہ دو یا تین لفظ کا ایک ٹیگ ہو۔ اپنے ویڈیو میں زیادہ سے زیادہ پندرہ ٹیگ لگائیں۔

(۷) یوٹیوب مارکیٹنگ

یوٹیوب میں ویڈیو اپلوڈ کرنے کے بعد اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں اسے خوب شیئر کریں۔ اپنے دوستوں سے بھی دیکھنے اور شیئر کرنے کے لیے کہیں۔

اپنے دوستوں اور گھر والوں سے مکمل ویڈیو دیکھنے کے لیے کہیں۔ یا آپ خود ہی ان کا موبائل لے کر دیکھیں۔ جب کوئی ویڈیو مکمل دیکھا جاتا ہے تو یوٹیوب کے پاس اس ویڈیو کے سلسلے میں اچھا تأثر جاتا ہے، اور وہ آپ کے ویڈیو کو پروموٹ کرتا ہے۔ یہ trick کئی بڑے یوٹیوبر نے اپنایا ہے اور اپنا تجربہ شیئر کیا ہے۔

(۸) ایک ہی موضوع پر ویڈیو بنائیں

اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ جب کوئی ویور آپ کے چینل پر آئے گا تو اسے پتہ ہوگا کہ اس طرح کے ویڈیوز آپ ہی کے چینل میں مل سکتے ہیں لہذا وہ آپ کے چینل کو سبسکرائب کرے گا۔ اور یوٹیوب کو بھی پتہ ہوگا کہ آپ کے چینل میں کس طرح کے ویڈیوز اپلوڈ کیے جاتے ہیں۔

(۹) اپنے Viewers کو سمجھنے کی کوشش کریں

آپ یہ دھیان میں رکھ کر ویڈیو بنائیں کہ آپ کا ویڈیو کون لوگ دیکھیں گے۔ کوشش یہ کریں کہ آپ کا ویور آپ کا سبسکرائبر بن جائے، یا کم سے آپ کے ویڈیو کو دوبارہ دیکھنا چاہے۔

(۱۰) دوسرے کے ویڈیوز پر کمنٹ کریں

اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ جب ویڈیو اپلوڈ کرنے والا کمنٹس چیک کرتا ہے تو بسا اوقات وہ کمنٹ کرنے والے کا چینل بھی چیک کرتا ہے، اس سے بہت ممکن ہے کہ وہ آپ کے چینل کو سبسکرائب کرلے۔

(۱۱) لگاتار ویڈیو اپلوڈ کریں

روزانہ نہیں تو ہفتے میں ایک ویڈیو ضرور ڈالیں۔ یوٹیوب کو لگنا چاہیے کہ آپ اپنے چینل میں فعال ہیں۔ ایسے چینل کو یوٹیوب پروموٹ کرتا ہے۔

(۱۲) معیاری Content ڈالیں

ایسا نہ ہو کہ جو ملا اسے ایڈٹ کرکے ڈال دیا۔ آپ کا ویڈیو دیکھنے کے بعد ویور کو لگے کہ اس نے کچھ سیکھا ہے، اسے کچھ معلوم ہوا ہے۔

(۱۳) کارڈ اور اینڈ-اسکرین کا استعمال کریں

جب آپ اپنے ہی ویڈیو میں اپنے کسی دوسرے ویڈیو کا حوالہ دیں تو اس کو کارڈ (eye button) پر استعمال کریں۔ اور ڈسکرپشن میں بھی اس کا لنک دیں۔

اگر آپ ایک یوٹیوبر کے ساتھ ایک بلاگر بھی ہیں اور بلاگ کا موضوع بھی وہی ہے جو یوٹیوب کا ہے تو اپنے ویڈیوز میں اس کا تذکرہ کریں اور لنک ڈسکرپشن میں دیں، اور ساتھ ہی بلاگ میں بھی یوٹیوب ویڈیو کا لنک دیں۔

کارڈ کے ساتھ اپنے ویڈیو میں اینڈ-اسکرین بھی لگائیں۔ یہ دونوں آپشن یوٹیوب میں ویڈیو اپلوڈ کرتے وقت آتے ہیں۔

(۱۴) اہم Settings کرنا

ویڈیو اپلوڈ کرتے وقت یوٹیوب میں جو بھی setting ہو اسے اچھے سے سیٹ کریں، جیسے Age-restrictions اور Made for kids وغیرہ۔

میں امید کرتا ہوں کہ یہ مضمون آپ کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ اگر آپ کے ذہن میں اس سلسلے میں کوئی سوال ہو تو کمنٹ کریں، اور اپنے یوٹیوبر دوستوں کے ساتھ شیئر بھی کریں اور سب مل کر ترقی کریں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے