تاریخ عرفانی، تاریخ ٹونک کا درخشندہ اور زریں باب

وفات  :

          مولوی محمدصاحب کاانتقال ۱۲۶۵؁ھ مطابق ۱۸۴۹؁ء میں بزمانہ ٔ وزیرالدولہ ٹونک میں ہوا اور گورستان موتی باغ میں دفن کیے گئے۔ آپ کے انتقال پر نواب وزیرالدولہ نے مولوی صاحب کے بڑے بیٹے مولوی عبدالرحیم صاحب کے نام ایک تعزیت نامہ بھیجا اس تعزیت نامہ کی نقل ذیل میں درج کی جاتی ہے۔

بعہد دولت مہدوزیرالدولہ

امیرالملک جناب نواب محمدوزیرخاں

بہادرنصرت جنگ

          فضائل پناہ شریعت ودستگاہ مولوی عبدالرحیم بعافیت باشند۔

          بعدسلام مسنون واضح باد۔ بدریافت خبرملالت اثرانتقال مولانامحمدوالدایشان۔ ازیں جہان فانی بعالم جاودانی قلق وتاسف روداد از تحریربیرون است۔ لیکن از انجا کہ از مشیت ایزدی چارہ نیست وہمہ راہمیں شاہراہ درپیش، لاجرم باسترجاع چارہ ندیدہ بایشاں ہم نگارش میرود کہ بصبر واصطبا ر پر داختہ بدعایٔ مغفرت آں رہگزائی ملک جاودانی پردازند۔ ومابدولت راہرگونہ متوجہ بحال خصوص اشتمال خوددانند۔ وعبدالکریم وعبدالغفار برادران ایشان کہ حاضر حضور اندطبیعت حضور ازنامبردگان راضی وخوشنوداست مطمئن باشند وچوں حضوریٔ ایشان ازمستحسنات است باید کہ حاضر حضور شوندو سابق ازیں ہم پروانہ بطلب ایشان نوشتہ شدہ است مطلع باشند۔ فقط تحریر بتاریخ پانزدہم ماہ ذیقعدہ ۱۲۶۵؁ھ مطابق ۱۸۴۹؁ء ۔

          اس تعزیت نامہ کی تاریخ سے اندازہ ہوتاہے کہ اوائل ماہ ذیقعدہ میں مولوی صاحب موصوف کاانتقال ہواہوگا۔

          مولوی محمدصاحب کی دومہریں تھیں۔ ایک میں ’’محمدبن محمدعرفان‘‘ کندہ تھا اور دوسری مہر میں یہ سجع لکھاہواتھا۔  ’’محمدمظہراسرار عرفان‘‘

          مولوی محمدصاحب کی کوئی تصنیف دیکھنے کاکبھی اتفاق نہیں ہوا۔

اولاد  :

          مولوی محمدصاحب کے مندرجہ ذیل سات بیٹے اورچاربیٹیاں تھیں۔

(۱)    مولوی عبدالرحیم صاحب۔ برادرکلاں

(۲)    مولوی عبدالرحمٰن صاحب۔ ان کی مہرمیں یہ مصرع کندہ تھا۔

          ’’عبدالرحمٰن از محمدمظہر عرفان شدہ‘‘

(۳)    مولوی عبدالقادرصاحب

(۴)    مولوی عبدالمنان صاحب

(۵)    مولوی عبدالکریم صاحب

(۶)    مولوی عبدالغفار صاحب۔ ماہ شعبان ۱۲۷۹؁ھ مطابق ۱۸۶۳؁ء میں حج کوجاتے ہوئے بمبئی میںنوجوان لاولدفوت ہوئے۔

(۷)    مولوی فضل الرحمٰن صاحب مشہور بہ ’’کاکا‘‘

(۸)    عمدہ بیگم زوجہ مولوی عبدالعزیز صاحب پسرمولاناخلیل الرحمٰن صاحب

(۹)    منصب بیگم زوجہ ملارمضان صاحب ولایتی

(۱۰)  حسینی بیگم زوجہ خان صاحب احمدحسن خاں صاحب دلیربخت والدہ مولوی محمود

           حسن خاں صاحب، صاحب معجم المصنفین وغیرہ۔

(۱۱)  اولیاء بیگم زوجہ مولوی فضل حق صاحب ۔خطیب جامع مسجدامیرگنج ٹونک۔

          اول الذکر چاربیٹے مولوی صاحب کی پہلی بیوی سے تھے اور آخر الذکر تین بیٹے اور چاربیٹیاں دوسری زوجہ سے تھیں۔

          مولوی صاحب کے بیٹے مولوی عبدالرحمٰن کے دو بیٹے تھے ۔ مولوی محمدعادل خاں اور مولوی عبدالرئوف خاں۔ دونوں عالم تھے ۔ تذکرہ کاملان رامپور میں حافظ احمدعلی خاں شوقؔ نے ان دونوں کو مولوی محمدصاحب کابیٹالکھاہے اور ان کے علاوہ مولوی صاحب کی دوسری اولاد کابالکل ذکرنہیں کیاہے۔ حالانکہ یہ دونوں مولوی محمدصاحب کے بیٹے نہیں تھے بلکہ پوتے تھے اور ان کے دوسری اولاد بھی تھی جن کے حالات اس تذکرہ میں اپنے اپنے مقام پر درج ہیں۔

          مولوی عبدالرئوف کے متعلق حافظ احمدعلی خاں شوقؔ نے تذکرہ کاملان رامپور میں لکھا ہے  :

          ’’ان کا انتقال رامپور میں ہوا اور پیلووالی مسجد کے جنوبی پہلو میں ان کی قبر کنکر کی بنی ہوئی ہے اور عادل خاں کاانتقال ٹونک میں ہوا۔‘‘

          بہرحال مولانا کے پسران اور ان کی اولاد کے مفصل حالات اس تذکرہ میں موجود ہیں۔

مولوی حبیب الرحمٰن اخوند

          ملا عرفان رامپوری کے بیٹے تھے ۔ رامپور میں پیدا ہوئے۔ عالم وفاضل اور طبیب تھے ۔ اپنے بڑے بھائی مولوی محمدصاحب مفتی اور مولاناخلیل الرحمٰن سے علوم حاصل کئے ۔ موصوف رامپور میں رہے اور وہیں نوجوا ن فوت ہوئے ۔ رامپور میں مدفون ہیں۔

          موصوف کے کوئی نرینہ اولاد نہیں تھی صرف ایک بیٹی تھیں جومولوی محمدصاحب مفتی کے پسرمولوی عبدالرحمٰن کومنسوب تھیں۔

          مفردات ادویہ میں موصوف کاتصنیف کردہ ایک رسالہ محفوظ ہے ۔ اس رسالہ میں ادویہ کے عربی نام لکھ کر فارسی اور ہندی کے نام بتائے گئے ہیں۔ پھرطبیعت اور مقدار شربت ظاہرکرکے افعال وخواص، بدل ومصلح بتائے گئے ہیں۔

          یہ نسخہ جو ہمارے آبائی کتب خانہ میں محفوظ ہے اس کاکاغذ سفید بوسیدہ تقطیع قدرے کلاں، اوراق ۷۷ ہیں۔

          ۲۳؍ صفر ۱۲۷۱؁ھ مطابق ۱۸۵۴؁ء تاریخ کتابت درج ہے ۔

          اس رسالہ کے کاتب مولف کے بھتیجے حکیم عبدالعزیز پسر مولاناخلیل الرحمٰن ہیں۔ رسالہ ہذا کی کتابت کے وقت مؤلف کاانتقال ہوچکاتھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے