تاریخ عرفانی، تاریخ ٹونک کا درخشندہ اور زریں باب

مولوی سعداللہ خطیب

          مولوی حافظ سعداللہ بن ملاعرفان صاحب رامپوری۔ رامپور میں پیدا ہوئے ۔ اپنے برادر علّاتی مولانا خلیل الرحمٰن اور دیگر علماء سے علوم حاصل کئے۔ نواب امیرخاں بانیٔ ریاست ٹونک کے طلب فرمانے پررامپور سے ٹونک تشریف لائے۔ آپ کے دوبھائی مولانا خلیل الرحمٰن اور مولوی محمد صاحب مفتی بھی ٹونک آچکے تھے اور خدمات مفوضہ انجام دے رہے تھے۔ مولوی سعداللہ صاحب کے تشریف لانے پرنواب صاحب نے آپ کو جامع مسجد امیرگنج کاخطیب مقررفرمادیا اور پرگنہ سرونج میں موضع آم کھیڑہ وغیرہ جاگیریں دے کر مزید عزت افزائی فرمائی گئی۔ اس جاگیر سے آج تک مرحوم کی اولاد متمتع ہورہی ہے۔

          مولاناخلیل الرحمٰن نے ۹؍ ذی الحجہ ۱۲۴۳؁ھ مطابق ۱۸۲۸؁ء کو ایک خط ٹونک سے مولوی حبیب اللہ کولکھاتھا۔ اس میں اپنے بھائی مولوی سعداللہ کے لئے لکھاہے۔ وہ آج کل بطلب نواب امیرالدولہ سرونج گئے ہوئے ہیں۔

          جامع مسجد امیرگنج ٹونک کی خطابت کی خدمت، تعمیرکے وقت سے مولوی سعداللہ صاحب کے سپرد کی گئی تھی۔ موصوف کا انتقال ہوجانے کے بعدبھی یہ سلسلہ اب تک ان کی اولاد میں قائم ہے ۔ مولوی سعداللہ صاحب نے ٹونک اور ٹونک کے پرگنہ سرونج میں خدمات افتاء بھی انجام دی ہے۔ افسوس آپ کی اولاد میں زیادہ عرصہ علم کاسلسلہ باقی نہیں رہا۔

وفات  :

          ۲۲؍ ذی الحجہ ۱۲۶۹؁ھ مطابق ۱۸۵۳؁ء کومولوی سعداللہ صاحب کاٹونک میں انتقال ہوا ۔ گورستان موتی باغ میں اپنے بھائی محمدصاحب مفتی کے متصل دفن کیے گئے۔

          مولوی سعداللہ صاحب کی دومہریں تھیں۔ پہلی مہر میں ’’حافظ سعداللہ بن محمد عرفان ۱۲۳۸‘‘ اور دوسری مہرمیں ’’من ضرب عرفانہ سعداللہ ۱۲۴۵‘‘کندہ تھا۔ مولوی سعداللہ صاحب کی ایک بیاض بھی محفوظ ہے جس میں ضروری فقہی مسائل اور دیگر اہم باتیں جمع کی گئی ہیں۔ ’’جُنگ‘‘کے نام سے معروف ہے۔

اولاد   :

          مولوی سعداللہ صاحب کے دوبیٹے اور دوبیٹیاں تھیں۔

(۱)    مولوی فضل حق صاحب خطیب جامع مسجدامیرگنج ،ٹونک

(۲)    مولوی ظہورالحق صاحب سرشتہ دار۔ ۲۹؍ ذی الحجہ ۱۳۱۳؁ھ مطابق جون ۱۸۹۶؁ء کو چھبڑہ میں انتقال ہوا۔

(۳)    سکینہ بیگم زوجہ مولوی عبدالکریم صاحب بن مولوی محمدصاحب مفتی

(۴)    امینہ بیگم زوجہ مولوی عبدالمنان بن مولوی محمدصاحب مفتی

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے