تاریخ عرفانی، تاریخ ٹونک کا درخشندہ اور زریں باب

(۸)    اظہارالیقین لترجمۃ فتح المبین  :   مترجم نے ۱۳۰۸؁ھ مطابق ۱۸۹۱؁ء میں حج کیا ہے ۔ حج سے پہلے آپ بغداد تشریف لے گئے۔ ۷؍رمضان ۱۳۰۸؁ھ مطابق ۱۸۹۱؁ء کو وہاں پہنچے۔ حضرت امام الاعظم اور شیخ عبدالقادرجیلانی کے مزارات کی زیارت کی۔ بعدزیارت مولاناعبدالرحمٰن صاحب آفندی سے ملاقات ہوئی جو شیخ صاحب کی اولاد میں سے تھے اور کتاب فتح المبین فیمایتعلق بتریاق المحبین کے مصنف ہیں۔ مولوی فضل حق صاحب نے اپنے تراجم’’اصباغ السالکین‘ ، ’’ترجمہ غنیۃ الطالبین‘‘اور ’’محک ایمانی ترجمہ فتح الربانی‘‘ بغرض ترجمہ آپ کو عطا فرمائی اور جلدترجمہ کرنے کی تاکیدکی۔ قیام بغداد ہی میں آپ نے ترجمہ کاکام شروع کردیا۔ دو ایک جز کاترجمہ کرکے وہیں مصنف کودکھایا۔ اس کے بعدآپ حج کوتشریف لے گئے ۔ حج سے فارغ ہوکر ۳؍ربیع الاول ۱۳۰۹؁ھ مطابق۱۸۹۲؁ء کوآپ اس ترجمہ سے فارغ ہوئے اور’’اظہارالیقین‘‘ اس کانام رکھا۔ ۱۳۱۰؁ھ مطابق ۱۸۹۲؁ء میں یہ ترجمہ مطبع دت پرشاد ممبئی میں طبع ہوا۔ تقطیع متوسط اور صفحات ۳۵۱ہیں۔

اولہٗ   :  الحمدللہ علیٰ نعمائہ الشاملۃ والشکرلہ علیٰ آلائلہ الکاملۃ۔  الخ

(۹)    اصباغ السالکین ترجمہ غنیۃ الطالبین   :   اس ترجمہ کااصل نسخہ موصوف بغداد میں مولوی عبدالرحمٰن صاحب آفندی کودے آئے تھے اس لئے اس کایہاں کوئی نسخہ نظر سے نہیں گذرا۔

(۱۰)  محک ایمانی ترجمہ فتح الربانی معروف بہ ستین مجالس  :   اس ترجمہ کااصل نسخہ بھی غالباً بغداد ہی میں رہا۔ اس لئے کہ اس کااصل نسخہ بھی مترجم نے بغرض طباعت شیخ آفندی مذکور کودے دیاتھا۔

(۱۱)  حمائل ریحانی ترجمہ تحفتہ القادریہ ابوالمعالی  :   ۱۱؍ربیع الثانی ۱۲۹۲؁ھ کومطابق ۱۸۷۵؁ء آپ نے اس ترجمہ کی ابتدا کی اور ۸؍ جمادی الاولیٰ ۱۲۹۲؁ھ مطابق ۱۸۷۵؁ء کوبروز دوشنبہ اس سے فراغت ہوئی۔ مترجم کے قلم کالکھاہوا اصل نسخہ محفوظ ہے۔

(۱۲)  ترجمۃ السیف الربانی فی عتق المعترض علی الغوث الجیلانی۔ اصل کتاب علامہ سیدمحمدمکی کی مصنفہ ہے جس کامختصرحال اسی ترجمہ کے اول میں شامل ہے۔ یہ کتاب ’’حق ظاہر فی شرح حال الشیخ عبدالقادر‘‘مصنفہ علی بن محمدقرمانی حنفی کی تردیدمیں لکھی گئی ہے اور ۱۳۰۹؁ھ مطابق ۱۸۹۱؁ء کی مصنفہ ہے۔ یہ کتاب مترجم علام کو صاحبزادہ احسان اللہ خاں خلف صاحبزادہ عنایت اللہ خان کی معرفت پہنچی۔ چوں کہ آپ کوشیخ جیلان سے دلی تعلق تھا اس لئے ۲۰؍ جمادی الاولیٰ ۱۳۲۰؁ھ مطابق ۱۹۰۲؁ء روز دو شنبہ کو اس کتاب کاترجمہ شروع کردیا۔ ۸؍صفر ۱۳۲۱؁ھ مطابق ۱۹۰۳؁ء کو بروز پنچشنبہ اس سے فراغت ہوئے۔ آخرمیں ان تقاریظ کاترجمہ بھی شامل ہے جو ’’السیف الربانی‘‘ پرمختلف علماء نے لکھی ہیں۔ یہ تقاریظ تعداد میں ۴۲ ہیں۔ ترجمہ ہٰذا کا اصل نسخہ محفوظ ہے ۔ یہ ترجمہ غالباً صاحب ترجمہ کی آخری تصنیف ہے ۔ اس لئے کہ اسی سال آپ پر فالج کااثرہوگیا اورتین سال مفلوج رہ کر ۱۳۲۳؁ھ مطابق ۱۹۰۵؁ء میں آپ کاانتقال ہوگیا۔

(۱۳)  وسیلۃ الفقیر الیٰ جنابہ الکبیر  :   مناقب غوثیہ فارسی مصنفہ میرمحمدصادق شہابی سعدی کااردو ترجمہ ہے ۔ ترجمہ کانام تاریخی ہے ۔ شیخ کریم بخش میرسامان کے فرمانے سے آپ نے ۱۳۹۲؁ھ مطابق ۱۸۷۵؁ء میں ترجمہ کیا۔ مترجم کے قلم کالکھاہوا اصل نسخہ محفوظ ہے ۔ جس پر ۲۷؍جمادی الاخریٰ ۱۳۹۲؁ ھ مطابق ۱۸۷۵؁ء تاریخ کتابت درج ہے ۔

(۱۴)  ترجمہ اردو جواہرالنوادرفی مناقب سیدی عبدالقادر۔

(۱۵)  ترجمۃ باب الملامۃ از کتاب کشف المحجوب معہ عقدنہم ودہم از سبحۃ الابرار جامی

(۱۶)  ترجمہ فتوح الغیب معہ مفتاح الفتوح للشیخ محدث دہلوی۔

(۱۷)  تحفۃ الامیر فی بیان السماع والمزامیر۔ یہ کتاب آپ نے نواب ابراہیم علی خاں صاحب کے فرمانے سے تصنیف فرمائی۔ ایک مقدمہ، چار باب اور ایک خاتمہ پرمشتمل ہے ۔ مقدمہ میں سماع کی ماہیت، باب اول میں مفسرین کی تحقیقات، دوم میں محدثین کی تحقیقات، سوم میں فقہاء کی روایات اور چہارم میں صوفیاء کے اقوال ہیں۔ خاتمہ بطور قول فیصل شامل کیاگیاہے۔ نواب محمدعلی خاں کے حکم سے یہ کتاب مطبع مفید عام آگرہ میں طبع ہوئی۔ ۳۰۹ صفحات پرمشتمل ہے ۔

          اولہٗ  :  الحمدللہ الذی بتحمیداتہ یترنم البلابل۔   الخ

(۱۸)  رسالہ اخلاق ابراہیم ۔مترجم علام ۔نواب ابراہیم علی خاں صاحب کے والی ریاست ہونے کے بعدسرکاری کتب خانہ واقع قلعہ معلیٰ کی خدمت پرماہور ہوگئے تھے اور کتابوں کی ترتیب اور فہرست کی تیاری جاری تھی۔ اس سلسلہ میں آپ نے ایک فارسی کتاب دیکھی جو پندونصائح اور حکایات سلاطین پرمشتمل تھی۔ کتاب مذکورسلطان ابوالمظفرمحمدقطب شاہ کے کتب خانہ کی تھی۔ ۱۲۸۷؁ھ مطابق ۱۸۷۰؁ء میں آپ نے فارسی سے اس کااردو میں ترجمہ کیا اور نواب صاحب کے فرمانے کے مطابق اپنے والدمولوی سعداللہ خطیب کی بیاض اور رسالہ نصائح الملک سے اس میں بعض فوائد کااضافہ کیا۔ ’’رسالہ ا خلاق ابراہیم‘‘(۱۲۸۷؁ھ) اس کاتاریخی نام ہے ۔ اس رسالہ کاایک نسخہ ہمارے کتب خانہ میں محفوظ ہے جس کے کاتب عبدالغفارخاں ہیں اور ۲۲؍جمادی الاخریٰ ۱۲۸۷؁ھ مطابق ۱۸۷۰؁ء  تاریخ کتابت ہے۔ ایک نسخہ صاحبزادہ عبدالرحمٰن خاںصاحب کے کتب خانہ سے حاصل ہواتھا وہ بھی محفوظ ہے۔ اس رسالہ کاایک نسخہ قلعہ کے کتب خانہ میں تھا جودہلی منتقل ہوگیا۔

(۱۹)  ’’تریاک الخیل‘‘،فرسنامہ ابراہیم۔ یہ کتاب آپ نے ۱۳۰۲؁ھ مطابق ۱۸۸۴؁ء میں نواب ابراہیم علی خاں کے فرمانے سے سالوتر وبیطاری میں تصنیف فرمائی جس میں گھوڑوں کے علاج سے بحث کی گئی ہے ۔’’فرسنامہ ابراہیم‘‘ اس کالقب اور’’تریاک الخیل‘‘ تاریخی نام ہے ۔ اکیس بابوں پرمشتمل ہے ۔ اس کا ایک نسخہ نذرباغ کے کتب خانہ میں بھی موجود ہے جس کے کاتب سید محمدارشادعلی حنفی قادری ہیں۔ یکم شوال ۱۳۰۳؁ھ مطابق ۱۸۹۲؁ء تاریخ کتابت درج ہے اور اس کے صفحات ۳۶۱ ہیں۔

(۲۰)  نیک زادراہ بغداد (نامہ غریب) ۱۳۰۸؁ھ مطابق ۱۸۹۱؁ء میںآپ نے سفرحج کیاہے۔ یہ اسی حج کاسرنامہ ہے جوآپ نے اپنے داماد قاضی عبدالحلیم صاحب معجزؔ اورمولوی احمدحسن خاں صاحب کے اصرار پر ترتیب دیا۔ یہ سفرنامہ دوحصوں پرمرتب ہے ۔ حصہ اول میں سفر کے حالات اور مقامات متبرکہ کی تفصیلات ہیں۔ حصہ دوم میں مناسک ومسائل حج کی تفصیل بیان کی گیء ہے ۔ ۴؍شوال ۱۳۰۹؁ھ مطابق ۱۸۹۲؁ء کوآپ نے اس کتاب کامبیضہ تیار کیاجومحفوظ ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے