بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
آن لائن انٹرنیشنل مجلس حدیث
آج بتاریخ ۸/ رجب المرجب ۱۴۴۴ھ مطابق ۳۱/ جنوری ۲۰۲۳ء کو آن لائن سند حدیث کے سلسلے میں ایک انٹرنیشنل مجلس مدرسہ عالیہ فرقانیہ ٹونک میں بوقت 11:30 بجے منعقد ہوئی، جس میں مسند حدیث مفسر قرآن سعید الملت حضرت مولانا محمد سعید صاحب دامت برکاتہ سے استفادہ کی غرض سے ترکیہ سے شیخ اونور عرلی شہر بورصہ قراءت علی الشیخ کے طریق پر الاوائل السنبلیۃ قراءت کرتے ہیں۔
آن لائن مجلس میں مختلف ممالک کے شیوخ حدیث و طلباء حدیث -جن کی تعداد تقریباً ۳۰۰/ تھی- نے شرکت کی۔ قراءت کا شرف شیخ اونور عرلی کو حاصل ہوا۔ حضرت کی مجلس میں ٹونک کے افراد میں سے مولوی محمد عامر خان صاحب، احقر محمد عادل خان، مفتی نفیس احمد ندوی، ماسٹر محمود صاحب اور حافظ عبد اللہ عمران تھے۔ مجلس تقریباً پون گھنٹہ بذریعہ فون کال پر جاری رہی۔
ترکیہ، سعودیہ، جزائر، کویت وغیرہ دنیا کے کئی ممالک سے شائقین حدیث شریف نے حضرت سعید الملت سے اجازت خاصہ و عامہ اپنے لیے، اپنے گھر والوں اور اولاد کے لیے حاصل کرکے اس حدیث کے سلسلۂ نایاب سے منسلک ہوئے، جو قاضی عرفان خان صاحبؒ اور مولوی ننے صاحبؒ کے ذریعے سے حکیم برکات احمد صاحب امام الفلسفہ و المنطق سے حاصل ہوئی تھی، جس سلسلے کے حضرت مولانا محمد سعید صاحب آخری شاگرد و علمبردار ہیں۔ اللہ تعالیٰ حضرت کے سائے کو تادیر قائم و دائم فرمائے۔ آمین
محمد عادل خان ندوی ٹونکی
عمرانی دواخانہ، امیر گنج، ٹونک