مولانا خالد سیف اللہ رحمانی بورڈ کے نئے صدر منتخب

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی بورڈ کے نئے صدر منتخب

مسلم پرسنل لا بورڈ کے ۲۸ویں اندور اجلاس میں اتفاق رائے سے انتخاب

ممبئی۔۳ جون (نمائندہ خصوصی) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا ۲۸واں اجلاس اندور مدھیہ پردیش کے جامعہ اسلامیہ مہو بنجاری میں جاری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آج کے اجلاس کی پہلی نشست سکریٹری بورڈ مولانا عتیق بستوی کی صدارت میں بعد نماز عصر شروع ہوئی، پہلی نشست خطبہ استقبالیہ سمیت تجاویز، تعزیت، بورڈ کی سابقہ کارروائی کی تصدیق اور اڈیشہ ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

بعد نماز مغرب دوسری نشست کا آغاز ہوا، جس کی صدارت مفتی ایولہ نے کی۔ اس اجلاس میں مولانا خالد سیف رحمانی نے رپورٹ پیش کی۔ مولانا رابع حسنی ندویؒ (سابق صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کے سانحۂ ارتحال کی وجہ سے خالی جگہ کو پر کرنے کے لیے بورڈ کے نئے صدر کا انتخاب عمل میں آیا۔

اندور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بورڈ کی صدارت کے لیے حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب (مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند) کی جانب سے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کا نام پیش کیا گیا ہے، جس کی بروقت تائید مولانا شاہد حسنی، مولانا سید محمود مدنی نے فرمائی۔ اس کے بعد اتفاق رائے سے تمام عاملہ کے اراکین نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا پانچواں صدر منتخب کرلیا۔

اجلاس میں مولانا فضل الرحیم مجددی، مولانا سفیان قاسمی، امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، نظام الدین فخرالدین پونہ، ڈاکٹر ظہیر قاضی، ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی، مولانا شاہد حسنی، مولانا سجاد نعمانی، مولانا محمود مدنی، مولانا محمود احمد خاں دریابادی، عمرین محفوظ رحمانی، مولانا نعیم رحمانی سمیت دیگر عاملہ اراکین و مدعوئین موجود تھے۔

نازش ہما قاسمی

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے