باکسر محمد علی کا ایک ایمان افروز واقعہ

باکسر محمد علی کا ایک ایمان افروز واقعہ

ہالی ووڈ کی تاریخ میں ایک بار ایک بہت ہی عجیب واقعہ پیش آیا جو ہمیشہ کے لیے ہالی ووڈ کا یادگار واقعہ بن گیا۔ وہ واقعہ کچھ اس طرح پیش آیا کہ ہالی ووڈ کی بلیوارڈ سڑک کے اطراف میں واک آف فیم کے نام سے ایک تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ اس تقریب میں امریکہ کا نام روشن کرنے والے ہیروز کے ناموں کے ستارے سڑک کے اطراف میں بنے راستے پر زمین پر لگائے جاتے ہیں۔ ہر ستارے کے ساتھ ہیرو کا نام لکھا ہوتا ہے۔ لوگ وہاں سے گزرتے ہوئے اپنے ہیروز کے نام پڑھتے ہیں، ان کی خدمات سے آگاہ ہوتے ہیں اور خوشی محسوس کرتے ہیں۔ یہ تقریب بہت بڑے اعزاز والی ہوتی ہے۔

۴۵ سال پہلے کی بات ہے، اس سال بھی واک آف فیم کے سلسلے میں امریکہ کے ہیروز کے نام کے ستارے سڑک پر لگائے جا رہے تھے۔ اس موقع پر ایک ہیرو نے اپنا ستارہ زمین پر لگوانے سے انکار کر دیا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ اپنے نام کو زمین پر لکھا ہوا برداشت نہیں کر سکتا، اگر منتظمین کو اس پر اعتراض ہے تو وہ چاہیں تو اس کا نام ہیروز کی لسٹ میں سے نکال سکتے ہیں۔

یہ عجیب و غریب اعتراض تھا، پہلے کبھی بھی ایسا نہیں ہوا تھا، ہیروز اس واک آف فیم میں اپنے نام کے ستارے کو سڑک پر لگانے پر اعتراض نہیں کیا کرتے تھے بلکہ وہ تو اپنا نام اس فہرست میں شامل ہونے کو ہی اپنی سب سے بڑی خوش نصیبی سمجھتے تھے۔

جس شخص نے اعتراض کیا تھا وہ اس زمانے میں امریکہ کا سب سے ٹاپ کلاس ہیرو تھا۔ انتظامیہ نے اس سے پوچھا کہ اسے کیوں اعتراض ہے۔ ہیرو نے کہا بات صرف میرے نام کی نہیں ہے۔ دراصل جس ہستی کے نام پر میں نے اپنا نام رکھا ہے مجھے اس کے نام سے ایسا عشق ہے اور میرے دل میں اس نام کی ایسی عزت ہے کہ میں برداشت ہی نہیں کر سکتا کہ یہ نام زمین پر لکھا جائے، زمین پر نام لکھنے سے نام کی توہین ہوگی۔ میں اپنے نام اس فہرست سے ہزار بار خارج کروا سکتا ہوں لیکن اس عظیم نام کی توہین برداشت نہیں کر سکتا۔

اگر آپ لوگوں نے مجھے اس تقریب میں شامل رکھنا ہے تو میرے نام کے ستارے کو دیوار پر بلند جگہ پر لگاؤ۔ ہیرو کی شرط مان لی گئی اور یوں تاریخ میں پہلی اور آخری بار کسی ہیرو کے نام کا ستارہ واک آف فیم کی تقریب کے موقع پر دیوار پر کافی بلندی پر لگایا گیا تھا۔

اس عظیم ہیرو کا نام باکسر محمد علی تھا۔ اور جس نام کی توہین اس کی برداشت سے باہر تھی وہ نام اس کے آقا محمد صلی اللہ علیہ واٰلہٖ و سلم کا نام تھا۔ منقول

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے