درس قرآن نمبر (۱۶) سورة البقرة، آیت: ١٣

درس قرآن نمبر (۱۶) سورة البقرة، آیت: ١٣

اصل بیوقوف تو منافق ہیں

أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيْمِ ـ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

وَإِذَا قِيْلَ لَهُمْ اٰمِنُوْا كَمَآ اٰمَنَ النَّاسُ قَالُوْا أَنُؤْمِنُ كَمَآ اٰمَنَ السُّفَهَاءُ أَلَا إِنَّهُمْ هُمُ السُّفَهَاۤءُ وَلٰكِنْ لَّا يَعْلَمُوْنَ۝

لفظ بہ لفظ ترجمہ: وَإِذَا اور جب قِيْلَ لَهُمْ کہا جاتا ہے ان سے کہ اٰمِنُوْا ایمان لے آؤ كَمَآ جس طرح اٰمَنَ النَّاسُ لوگ ایمان لائے قَالُوْا تو وہ کہتے ہیں أَنُؤْمِنُ کیا ہم ایمان لائیں كَمَآ جیسے اٰمَنَ السُّفَهَاءُ بے وقوف ایمان لائے أَلَا خبردار إِنَّهُمْ هُمُ بلاشبہ وہی ہیں السُّفَهَاۤءُ بے وقوف وَلٰكِنْ لیکن لَّا يَعْلَمُوْنَ۝ وہ نہیں جانتے۔

ترجمہ: اور جب کہا جاتا ہے ان سے کہ ایمان لے آؤ جس طرح لوگ ایمان لائے تو وہ کہتے ہیں کہ کیا ہم ایمان لائیں جیسے بیوقوف لوگ ایمان لائے؟ خبر دار بلاشبہ وہی ہیں بے وقوف لیکن وہ نہیں جانتے۔

تشریح: اس آیت میں دو باتیں بتلائی گئی ہیں:

ا۔ جب ان منافقوں سے کہا جاتا ہے کہ تم بھی اسی طرح ایمان لے آؤ جیسے دوسرے لوگ ایمان لائے ہیں تو کہتے ہیں کہ کیا ہم بھی اسی طرح ایمان لائیں جیسے بیوقوف لوگ ایمان لائے ہیں۔

۲۔ خوب اچھی طرح سن لو کہ یہی لوگ بیوقوف ہیں لیکن وہ یہ بات نہیں جانتے۔

جب ان منافقوں سے یہ بات کہی جاتی ہے کہ جس طرح صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اللہ پر، اس کے رسولوں پر، اس کے فرشتوں پر اور اس کی کتابوں پر ایمان لائے اور جس طرح یہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم مرنے کے بعد جی اٹھنے پر ایمان لائے تم بھی انہی کی طرح ایمان لے آؤ۔ اور جس طرح یہ صحابۂ کرام برائیوں سے رکتے ہوئے زندگی بسر کر رہے ہیں تم بھی انہی کی طرح برائیوں سے بچ جاؤ تو یہ گستاخ اور بدبخت قسم کے منافق یہ کہتے تھے کہ کیا ہم ان بیوقوفوں کی طرح ایمان لائیں؟ نَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنْ ذَالِكَ

اللہ تعالیٰ نے فیصلہ کن حقیقت بتلا دی کہ اصل بیوقوف تو یہی منافقین ہیں جو انجام سے بے خبر کفر، نفاق اور جھوٹ پر مبنی زندگی گزار رہے ہیں؛ لیکن ان کو اس کا علم ہی نہیں ہے۔

اس آیت میں منافقوں کے دو عیب بتلائے گئے ہیں، ایک تو یہ کہ أَلَا إِنَّهُمْ هُمُ السُّفَهَاۤءُ خبردار! یہ بات یاد رکھو کہ یہی منافقین بیوقوف ہیں اور دوسرے یہ کہ یہ جاہل بھی ہیں، علم سے بالکل کورے ہیں وَلٰكِنْ لَّا يَعْلَمُوْنَ لیکن یہ جانتے ہی نہیں ہیں یعنی علم سے بالکل محروم جاہل ہیں۔ (جاری)


Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے